اسلام آباد؛ 3بچوں کی ماں کی پلازے کی چھت سے کود کر مبینہ خودکشی
اسلام آباد کے علاقے تھانہ کرپا کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں تین بچوں کی ماں نے مبینہ طور پر پلازے کی چھت سے کود کر خودکشی کر لی۔
پولیس ذرائع کے مطابق جناح گارڈن کی رہائشی خاتون نے ایک ہوٹل کی گیارہویں منزل سے چھلانگ لگا دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔
اہلخانہ اور پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کی اپنے شوہر کے ساتھ گھریلو تنازعات چل رہے تھے اور وہ کافی عرصے سے ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت مریم کے نام سے ہوئی ہے جو جناح گارڈن کی رہائشی تھیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق خاتون کا شوہر پراپرٹی کا کاروبار کرتا ہے۔
پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔