آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی پر وزیر اعظم شہباز شریف کی قومی ٹیم کو مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹریلیا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے اجتماعی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کامیابی پوری ٹیم کی انتھک محنت اور بہترین کارکردگی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی پر محسن نقوی، پاکستان کرکٹ بورڈ، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیریز میں کامیابی کھلاڑیوں کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ٹیم مینجمنٹ کی مؤثر حکمت عملی کی عکاس ہے۔
وزیراعظم نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ قومی ٹیم مستقبل میں بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ پاکستان کے لیے مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم قومی کرکٹ ٹیم کی اس تاریخی کامیابی پر خوش ہے اور کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی پر فخر محسوس کر رہی ہے۔