پنجاب: محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کیلئے اہم ہدایات جاری
محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کیلئے اہم ہدایات جاری کردیں۔
پنجاب بھر میں امام بارگاہوں اور جلوسوں کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ صرف منظور شدہ اور لائسنس یافتہ جلوس و مجالس کو ہی اجازت ہوگی، جلوس و مجالس صرف مقررہ اوقات میں روایت و اجازت کے مطابق ہوں گے، حساس مقامات و تنصیبات، مارکیٹس اور رش والی جگہوں پر خاص توجہ دی جائے۔
محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ بڑے جلوسوں کے تمام راستوں اور ملحقہ علاقوں کا مکمل معائنہ کیا جائے، جلوس و مجالس کے گردونواح ٹریفک کی روانی کیلئے انتظامات کیے جائیں، پارکنگ کے انتظامات امام بارگاہوں اور مجالس سے کم ازکم 500 گز فاصلے پر کیے جائیں، نیاز اور سبیلوں کی اسپیشل برانچ، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ محکموں سے مکمل جانچ کروائی جائے۔
محکمہ داخلہ کے ہدایت نامے میں کہا گیا کہ خواتین عزاداران کی سکیورٹی کیلئے خواتین پولیس اہلکار تعینات کی جائیں، سی سی ٹی وی، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور جسمانی تلاشی کو یقینی بنایا جائے، تمام حساس مجالس اور جلوسوں کی مختلف سطحوں پر مبنی سکیورٹی یقینی بنائی جائے، مجالس کے دوران مقررین کسی فرقے یا مسلک کے خلاف کوئی قابل اعتراض بات نہ کریں۔
تمام مجالس اور جلوسوں کی ویڈیو اور آڈیو کوریج یقینی بنائی جائے، تمام حساس مقامات پر فلیگ مارچ اور تمام کشیدہ مقامات کے دورے کیے جائیں، مجالس اور جلوسوں کی نگرانی میں معاونت کیلئے رضاکاروں کو ضروری تربیت دی جائے، رضاکاروں کی تعیناتی سے قبل سپیشل برانچ سے مکمل کلیرنس کروائی جائے، حساس جلوسوں کے راستوں پر سگنل جیمرز کا استعمال کیا جا سکتا ہے، مجالس اور جلوسوں کے گردونواح ہوٹلوں اور سرائے کی کڑی نگرانی کی جائے۔
جلوس کے راستے میں بازار اور دکانیں مکمل چیکنگ کے بعد بند رہیں گی، جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے سنائپرز تعینات کیے جائیں، متعلقہ ایس ایچ اوز منتظمین سے جلوس اور مجالس کے تسلی بخش سکیورٹی انتظامات کا تحریری سرٹیفکیٹ لیں، تمام اضلاع ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے جامع منصوبہ بندی مکمل کریں اور محکمہ داخلہ کو بھجوائیں۔