ایک لمحے کی غلطی، کئی خوفناک حادثات؛ پولیس نے ڈرائیورز کو خبردار کر دیا
شاہراہ فیصل پر لین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف حال ہی میں چالان کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے پر عوامی سطح پر اعتراض بھی ہوا، لیکن یہ فیصلہ لاپرواہ ڈرائیورز کو روکنے کےلیے اس لیے بھی ضروری تھا کیونکہ تیز رفتار ٹریفک میں اچانک لین کی تبدیلی کئی حادثات کو جنم دیتی ہے۔
حال ہی میں ابوظبی پولیس نے خطرناک ڈرائیونگ رویوں کے خلاف انتباہ جاری کرتے ہوئے ایسی ویڈیوز جاری کی ہیں جن میں چند سیکنڈ کی لاپروائی بڑے ٹریفک حادثات کا باعث بنتی دکھائی دیتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابوظبی پولیس نے مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر کے تعاون سے جاری کی گئی ویڈیوز میں متعدد ایسے واقعات دکھائے ہیں جہاں ڈرائیوروں نے اچانک لین تبدیل کی یا اپنی مخصوص لین میں رہنے کے بجائے غیر محفوظ انداز میں گاڑی موڑی، جس کے نتیجے میں شدید تصادم پیش آئے۔
#فيديو | بثّت القيادة العامة لـ #شرطة_أبوظبي، بالتعاون مع مركز المتابعة والتحكم، وضمن مبادرة " لكم التعليق "، مقطع فيديو لحوادث مرورية وقعت نتيجة الانحراف المفاجئ وعدم الالتزام بخط السير الإلزامي، وذلك ضمن جهودها المستمرة لتعزيز الوعي المروري والارتقاء بمستويات السلامة على الطرق،… pic.twitter.com/HvgxR3eRup
— شرطة أبوظبي (@ADPoliceHQ) June 5, 2026
حکام کے مطابق یہ ویڈیوز روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد شہریوں میں محفوظ ڈرائیونگ کا شعور اجاگر کرنا اور ایسے حادثات کی روک تھام کرنا ہے جن سے بچا جا سکتا ہے۔
جاری کردہ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند ڈرائیوروں کی غیر ذمے دارانہ لین تبدیلی نے نہ صرف گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچایا بلکہ دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مہم ریاست میں اسمارٹ روڈ سیفٹی کے نظام کو بہتر بنانے اور عوام کو خطرناک ڈرائیونگ عادات کے نقصانات سے آگاہ کرنے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔
ٹریفک اینڈ سیکیورٹی پٹرولز ڈائریکٹوریٹ نے ڈرائیوروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی مقررہ لین میں رہیں، اچانک لین تبدیل کرنے سے گریز کریں اور اوورٹیک یا لین تبدیل کرنے سے قبل مکمل طور پر اطمینان کر لیں کہ راستہ محفوظ ہے۔
حکام نے خبردار کیا کہ بغیر اشارے اور احتیاط کے گاڑی موڑنا ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں شامل ہے، جس کے نتیجے میں جانی نقصان، زخمی ہونے کے واقعات اور بھاری مالی خسارہ بھی ہو سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق لین ڈسپلن محفوظ ڈرائیونگ کا بنیادی اصول ہے، جو خاص طور پر تیز رفتار شاہراہوں اور مصروف سڑکوں پر ٹریفک کے بہتر بہاؤ اور حادثات سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔