شرمیلا کو پیرس دیکھنا ہے تو لاہور جائیں، سندھ والے پتھر کے دور میں زندگی گزار رہےہیں، ترجمان (ن) لیگ
مسلم لیگ ن سندھ کے ترجمان اسد عثمانی نے کہا ہے کہ شرمیلا فاروقی کو اگر پیرس دیکھنا ہے تو لاہور جائیں، سندھ کے عوام پتھر کے دور میں زندگی گزار رہے ہیں۔
شرمیلا فاروقی ودیگر پی پی رہنمائوں کے بیان پر اپنے ردعمل میں ترجمان مسلم لیگ (ن) سندھ اسد عثمانی نے کہا کہ میئر سکھر سندھ کارڈ کھیلنے کی کوشش نہ کریں، گلگت کے عوام ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں جو ن لیگ ہی دے سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کارکردگی سندھ میں دیکھ لیں جہاں ہر طرف بربادی ہے، پیپلزپارٹی کے دور حکومت کے دوران سندھ میں کرپشن نے ضرور ترقی کی ہے۔ عوام تو بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی بربادی دیکھ کر کوئی عقلمند آدمی پیپلز پارٹی کو ووٹ نہیں دے گا، ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پینے کے پانی کا شدید بحران ہے۔ شہر کے کئی علاقے ایسے ہیں جہاں لائنوں میں پانی نہیں آتا لیکن ٹینکرز کو پانی ملتا ہے۔
اسد عثمانی نے کہا کہ شہر میں جگہ جگہ سیوریج کا گندہ پانی کچرے کے ڈھیر ٹوٹی پھوٹی سڑکیں شہریوں کے لیے سخت عذاب بنی ہوئی ہیں۔ پیپلزپارٹی نے 18 سال سے شہر کے نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں نہیں دیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن جھوٹے نعروں پر نہیں عوام کی خدمت پر یقین رکتی ہے، سندھ میں ابھی الیکشن کرا دیں مسلم لیگ ن اکثریت سے کامیاب ہوگی۔