روہڑی: دریائے سندھ میں ایک ہی خاندان کے تین بچے ڈوب گئے

ریسکیو ذرائع کے مطابق بچے گرمی کے باعث دریا میں نہانے گئے تھے

روہڑی کے علاقے درگاہ بال مبارک کے قریب دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ایک ہی گھر کے تین بچے ڈوب گئے جس کے بعد علاقے میں افسوسناک صورتحال پیدا ہو گئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بچے گرمی کے باعث دریا میں نہانے گئے تھے کہ اس دوران اچانک گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوب گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک 5 سالہ بچے کی لاش نکال لی گئی ہے جبکہ ایک بچی اور ایک بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو ٹیمیں اور مقامی غوطہ خور موقع پر موجود ہیں اور لاپتا بچوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈوبنے والے تینوں بچے آپس میں بہن بھائی ہیں جس کے باعث علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا ہے۔

واقعے کے بعد اہل علاقہ کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی جبکہ ریسکیو ادارے امدادی کارروائیوں کو مزید تیز کر رہے ہیں۔

 

Load Next Story