لاہور: راہگیر خواتین سے پرس اور موبائل فون چھیننے والا ملزم گرفتار

ملزم اب تک درجن سے زائد خواتین کو وارداتوں کا نشانہ بنا چکا ہے، ایس پی صدر

سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے راہگیر خواتین سے پرس اور موبائل فون چھیننے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ایس ایچ او چوھنگ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ضلع قصور سے ٹریس کرکے گرفتار کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم خواتین کو نشانہ بناتا اور ان سے پرس اور موبائل فون چھین کر فرار ہو جاتا تھا۔

گرفتار ملزم کی شناخت اسد کے نام سے ہوئی جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی اسے ایک خاتون سے پرس چھین کر فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے چند روز قبل ایک نجی سوسائٹی میں بھی خاتون سے پرس چھینا تھا۔

ایس پی صدر کے مطابق ملزم اب تک درجن سے زائد خواتین کو وارداتوں کا نشانہ بنا چکا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ڈویژن بھر میں سکیورٹی سخت کرتے ہوئے پٹرولنگ میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔

Load Next Story