گلگت میں بعض سیاسی عناصر کی جانب سے استعمال کی گئی زبان شرمناک تھی، شرجیل میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نے کہا ہے کہ گلگت میں بعض سیاسی عناصر کی جانب سے استعمال کی گئی زبان شرمناک تھی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریڈ لائن منصوبے پر دن رات کام جاری ہے اور وہ خود بھی اس کا دورہ کر چکے ہیں، جبکہ ٹیم روزانہ کی بنیاد پر منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی کے آخر تک یونیورسٹی روڈ کو مخلوط ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، جبکہ جناح ایونیو پر ٹریفک کی روانی برقرار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سندھ حکومت نے بعض سخت فیصلے کیے اور اس سے ہونے والی تکلیف پر عوام سے معذرت بھی کی گئی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے باعث یونیورسٹی روڈ پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم ان مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو کے کھلنے سے شہریوں کو بڑی سہولت ملی ہے، ان کا وقت بچ رہا ہے اور یہ ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے۔ ان کے مطابق شاہراہِ بھٹو پر سیکیورٹی بڑھائی گئی ہے اور بنیادی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں، جبکہ کراچی میں مزید پلوں اور انڈر پاسز کی تعمیر کا کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں سب سے زیادہ صحت کی سہولیات کراچی میں موجود ہیں اور ملک بھر سے مریض یہاں آ کر مفت علاج کروا رہے ہیں۔ ان کے مطابق گمبٹ کی گمس اسپتال میں بھی مریضوں کو بہترین اور مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے تھر کے کوئلے کے منصوبوں پر ایک ارب ڈالر خرچ کیے ہیں، جس کے نتیجے میں سستی بجلی پیدا ہو رہی ہے اور پورے ملک کو اس سے فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو پانی کی تقریباً 20 فیصد قلت کا سامنا ہے، جبکہ شہر میں پورے پاکستان کی ٹریفک آتی ہے، اسی لیے حکومت ہیوی ٹریفک کے مسئلے کے حل کے لیے ناردرن بائی پاس پر ٹرمینلز تعمیر کر رہی ہے تاکہ شہر کے اندر بھاری ٹریفک کا داخلہ کم سے کم ہو۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ میں جو سڑکیں وفاق کے دائرۂ اختیار میں آتی ہیں، ان کی حالت بہتر نہیں، جبکہ سندھ حکومت نے پورے صوبے میں سڑکوں کی حالت بہتر بنائی ہے اور مزید کام جاری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ سندھ میں جاری ہے، جس کے تحت 21 لاکھ افراد کو گھر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ روزگار کے لیے کراچی آتے ہیں اور شہر روزگار و صحت کی سہولیات کا بڑا بوجھ اٹھا رہا ہے، اس لیے کسی بھی دوسرے شہر سے موازنہ کرنے سے پہلے کراچی پر موجود دباؤ کو مدنظر رکھنا چاہیے۔
سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے انتخابات میں کلین سوئپ کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دیگر جماعتوں کے جلسے کارنر میٹنگز جیسے تھے، جبکہ گلگت بلتستان میں بعض سیاسی عناصر کی جانب سے استعمال کی گئی زبان شرمناک تھی۔ انہوں نے کہا کہ صفدر اعوان کی اتنی سیاسی حیثیت نہیں کہ وہ انہیں جواب دیں۔
سینئر وزیر نے مزید الزام عائد کیا کہ بعض وفاقی وزراء نے ایسے ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کیے جو الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔