پی آئی اے نے نئے چیف فنانشل افسر کی تقرری کردی
نجی کنسورشیم نے قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے لیے نئے چیف فنانشل افسر کو ہائر کر لیا ہے۔
کنسورشیم کے مطابق مشتاق رانا کو چیف فنانشل افسر مقرر کیا گیا ہے جو ٹیک اوور کے بعد ایئرلائن کے مالی امور کی نگرانی کریں گے، وہ باضابطہ طور پر پیر 8 جون کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ذرائع کے مطابق مشتاق رانا اس سے قبل سعودی ایئرلائنز سے منسلک رہے ہیں۔ نجی کنسورشیم کی جانب سے آئندہ مرحلے میں سی ای او، چیف ایچ آر افسر، چیف پراجیکٹس اور پبلک ریلیشنز سمیت اہم عہدوں پر بھی ماہر افراد کی تعیناتی کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیک اوور سے قبل پی آئی اے کے اہم شعبہ جات کے سربراہان میں تبدیلیوں کا بھی امکان ہے، جبکہ ایئرلائن میں انتظامی سطح پر اصلاحات کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب پی آئی اے انتظامیہ بین الاقوامی آڈٹ کی تیاریوں میں مصروف ہے اور ہفتہ و اتوار کی تعطیلات کے باوجود متعلقہ ملازمین کو دفاتر طلب کر لیا گیا ہے۔ عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ آڈٹ کے لیے تمام ریکارڈ مکمل طور پر اپ ڈیٹ رکھا جائے، ذرائع کے مطابق ملازمین کو صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بین الاقوامی ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کی رسک بیسڈ آڈٹ ٹیم اتوار کو پاکستان پہنچے گی، جو ایئرلائن کے مختلف شعبوں کا جائزہ لے گی، پی آئی اے کا انٹرنیشنل آپریشنل اینڈ سیفٹی آڈٹ پیر 8 جون کو ہوگا، یہ سیفٹی آڈٹ پی آئی اے کی عالمی درجہ بندی اور آپریشنل سیفٹی معیار کے تعین میں اہم کردار ادا کرے گا۔