ایشین گیمز؛ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے عائشہ بلوچ کے گولڈ میڈل جیتنے کی تردید کر دی
پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے سری لنکا میں ہونے والے ایشن گیمز کے ریسلنگ ایونٹ میں عائشہ بلوچ کے گولڈ میڈل حاصل کرنے کی سختی سے تردید کی ہے۔
قومی فیڈریشن نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی بین الاقوامی ریسلنگ ایونٹ، ایشین گیمز یا فیڈریشن کے زیرِ انتظام کسی قومی یا بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کے لیے کسی بھی خاتون کو نامزد یا روانہ نہیں کیا گیا۔
آئندہ ایشین گیمز ستمبر 2026 میں منعقد ہونے ہیں، لہٰذا مذکورہ گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کا دعویٰ حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہے، پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے کہا ہے کہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کیا جائے، ریسلنگ سے متعلق تمام مستند معلومات صرف پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سرکاری ذرائع سے حاصل کی جائیں۔
واضح رہے کہ میڈیا میں خبر گردش کر رہی ہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والی عائشہ بلوچ نے انڈین فائٹر کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ عدنان آفریدی اور اقرا خان نے باکسنگ میں پاکستان کے لیےسلور میڈل جیتا۔