فیفا ورلڈ کپ: امریکا نے ایرانی وفد کے 15 ارکان کو ویزے دینے سے انکار کر دیا

قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل امریکا نے ایران کے وفد کے 15 ارکان کو ویزے جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث ایرانی انتظامی وفد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے رپورٹ کیا ہے کہ قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں، تاہم انتظامیہ اور مینجمنٹ سے تعلق رکھنے والے 15 ارکان کے ویزوں کا معاملہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔

ترکیے کے شہر انطالیہ میں موجود ایرانی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے سرکاری ٹی وی کے نمائندے نے بتایا کہ کھلاڑیوں اور تکنیکی عملے کے سفری دستاویزات مکمل ہیں لیکن وفد کے بعض انتظامی ارکان کو امریکی ویزے جاری نہیں کیے گئے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کی قومی ٹیم ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ ایران کے گروپ مرحلے کے تمام میچز امریکا میں شیڈول ہیں جبکہ ٹیم کا بیس کیمپ میکسیکو میں قائم کیا گیا ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد مشترکہ طور پر امریکا، کینیڈا  اور میکسیکو میں کیا جا رہا ہے۔تاحال امریکی حکام کی جانب سے ویزوں کے اجرا میں تاخیر یا انکار کی وجوہات کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

 

Load Next Story