کراچی میں گھر سے 22 سالہ شادی شدہ لڑکی کی پھندا لگی لاش برآمد، والد کا بیٹی کے قتل کا شبہ

متوفیہ کی شناخت 22 سالہ عنصہ کے نام سے ہوئی جس کی شادی 2 سال قبل ہوئی تھی، لاش ورثہ کے حوالے

فوٹو: فائل

شہر قائد کے علاقے بلدیہ میں گھر سے خاتون کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر متوفیہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی ، متوفیہ کے والد نے بیٹی کی ہلاکت کو مبینہ طور پر قتل قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اتحاد ٹاون کے علاقے بلدیہ 9 نمبر پکوڑا چوک کے قریب گھر سے نوجوان لڑکی کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد حاصل کرنے کے بعد لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کی۔

ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن طاہر خان نے بتایا کہ متوفیہ کی شناخت 22 سالہ عنصہ زوجہ حماد کے نام سے کی گئی جس کی 2 سال قبل ہی شادی ہوئی تھی تاہم ان کے یہاں کوئی اولاد نہیں تھی جبکہ متوفیہ کے شوہر اور دیگر اہلخانہ نے واقعہ گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کا بتایا ہے تاہم وجہ بتانے سے قاصر ہیں۔

متوفیہ کے اہل خانہ بھی اطلاع ملنے پر اسپتال پہنچ گئے جبکہ متوفیہ عنصہ کے والد نے بیٹی کی ہلاکت کو مبینہ طور پر قتل قرار دیتے ہوئے داماد اور دیگر افراد پر شک کا اظہار کیا ہے تاہم پولیس نے متوفیہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔

متوفیہ کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ میری بیٹی نے خودکشی نہیں کی اس کو داماد نے قتل کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس نے عنصہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم کے بعد والد کے حوالے کر دی جس کی رپورٹ آنے کے بعد ہی وجہ موت کا تعین کیا جا سکے گا تاہم پولیس واقعے کی مزید چھان بین کر رہی ہے۔

Load Next Story