کینیڈا: ہیومن فوسبال میچ کا انعقاد، عالمی ریکارڈ قائم

دنیا کے سب سے بڑے ہیومن فوسبال میچ میں 254 افراد نے حصہ لیا

(تصویر: گینیز ورلڈ ریکارڈز)

فیفا ورلڈ کپ کی آمد کے جشن میں کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو نے انوکھا کارنامہ انجام دے کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

اونٹاریو لاٹری اینڈ گیمنگ کارپوریشن (او ایل جی) نے دنیا کے سب سے بڑے ہیومن فوسبال (انسانی ٹیبل فٹبال) میچ کا انعقاد کیا، جس میں 254 افراد نے حصہ لیا۔

23 مئی کو ہمبر پولی ٹیکنک لیک شور کیمپس ویسٹ، ایٹوبیکوک میں ہونے والے اس منفرد مقابلے میں شرکا نے فوسبال ٹیبل کے کھلاڑیوں کی طرح بڑی ہوریزونٹل سلاخوں کو تھام رکھا تھا اور ایک دیوقامت گول پوسٹ میں فٹبال پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے۔

اونٹاریو کے وزیرِ کھیل نیل لمزڈن کے مطابق فٹبال ٹیم ورک، جوش و خروش اور مشترکہ تجربے کا نام ہے اور ہیومن فوسبال کا گینیز ورلڈ ریکارڈ انہی عناصر کو ایک منفرد اور یادگار انداز میں زندہ کرتا ہے۔

گینیز ورلڈ ریکارڈز نے ایونٹ کے باضابطہ طور پر دنیا کا سب سے بڑا ہیومن فوسبال میچ ہونے کی بھی تصدیق کردی۔

Load Next Story