بھارت میں کاکروچ جنتا پارٹی کا پہلا عوامی احتجاج؛ مودی کی نیندیں اُڑ گئیں

کاکروچ جنتا پارٹی کا مطالبات کی منطوری کے لیے احتجاجی مظاہرے بھارت بھر میں پھیلانے کا اعلان کردیا

کاکرو جنتا پارٹی نے پورے بھارت میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا

ایک جج کے متنازع ریمارکس سے جنم لینے والی نوجوانوں میں تیزی سے ابھرتی ہوئی جماعت ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ نے پہلا بڑا احتجاجی مظاہرہ کر ڈالا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوانوں اور طلبا کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے قائم کی گئی "کاکروچ جنتا پارٹی" نے دارالحکومت نئی دہلی میں اپنا پہلا عوامی احتجاج منعقد کیا جس میں وفاقی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔

جنتر منتر پر ہونے والے مظاہرے میں طلبا، نوجوان کارکنوں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی اور ملک میں بے روزگاری اور تعلیمی شعبے کے بڑھتے مسائل پر شدید نعرے بازی کی۔

پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک کو ملک کے دیگر شہروں تک توسیع دی جائے گی۔

انھوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ہفتے بھی دہلی میں ایک اور احتجاجی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔مظاہرے میں معروف انجینئر اور سماجی کارکن سونم وانگچوک نے بھی شرکت کی۔

پہلے عوامی اجتماع میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔

اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا اور نوجوانوں کے ایک حلقے نے اسے اپنی توہین قرار دیتے ہوئے سیاسی پلیٹ فارم قائم کرلیا۔

اپنے خطاب میں ابھیجیت دیپکے نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں مذہبی اور فرقہ وارانہ مباحث نے نوجوانوں کے حقیقی مسائل کو پسِ پشت ڈال دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ روزگار، تعلیم اور مستقبل کے مواقع جیسے بنیادی موضوعات کو قومی ترجیحات میں شامل کیا جانا چاہیے۔

کاکروچ جنتا پارٹی نے اپنی تنظیم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی معطلی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پابندیوں سے اختلافی آوازوں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم نوجوانوں کی تحریک کو روکا نہیں جا سکتا۔

مظاہرے کے دوران شرکاء نے تعلیمی اصلاحات، روزگار کے بہتر مواقع اور نوجوانوں کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکومتی اقدامات کا مطالبہ کیا۔

یاد رہے کہ یہ جماعت دراصل بھارتی چیف جسٹس کے اس متنازع بیان کے ردعمل میں سامنے آئی جس میں مبینہ طور پر بے روزگار نوجوانوں کے لیے "کاکروچ" کا لفظ استعمال کیا گیا تھا۔

Load Next Story