تبلیغ پر 40 دن لگا کر واپس آنے والا نوجوان قتل
فوٹو: فائل
پشاور کے علاقے یکہ توت میں نامعلوم مسلح افراد تبلیغ سے واپس آنے والے نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق یکہ توت میں نامعلوم افراد نوجوان کو قتل کر کے فرار ہوئے تاہم پولیس فوری طور پر ملزمان کا سراغ اور وجہ جاننے میں ناکام رہی اور نہ ہی کوئی پیشرفت ہوسکی۔
مقتول کے والد غلام صابر نے رپورٹ درج کراتے ہوئے آغا میرجانی شاہ پولیس کو بتایا کہ بیٹے ملک امیر حمزہ نے بتایا تھا کہ وہ شام کی نماز پڑھنے کے بعد کام سے گلبہار جائے گا، جس کے بعد وہ گھر سے نکلا تاہم واپس نہیں لوٹا۔
انہوں نے بتایا کہ بعد میں اطلاع ملی کہ عیسیٰ خیل جنازہ گاہ کے قریب نامعلوم افراد نے اسے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔ بتایاجارہاہے کہ مقتول 40 روز تبلیغ میں گزارنے کے بعد واپس لوٹا تھا جسے قتل کر دیا گیا۔
واقعہ سے متعلق رہزنی کاشبہ بھی ظاہر کیا جارہاہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ 302 کی دفعہ کے تحت درج کرلیا گیا ہے اور تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس نے مقتول کے رشتہ داروں اور دوستوں سے بھی تفتیش شروع کردی جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی چھان بین بھی شروع کردی ہے ۔