کاٹن ایئر 2026-27 کا پہلا اسپاٹ ریٹ آج جاری ہو گا

6جون کو کاٹن ایئر 2025-26 کا آخری کاٹن اسپاٹ ریٹ 21 ہزار روپے جاری

کراچی:

کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی جانب سے 6 ماہ معطلی کے بعد کاٹن اسپاٹ ریٹس کے اجراسے پورے کاٹن چین میں اطمینان کی فضا پیداہوگئی ہے۔

کے سی اے کی جانب سے 12دسمبر 2025 کے بعدجمعہ 6جون 2026 کو کاٹن ایئر 2025-26 کا آخری کاٹن اسپاٹ ریٹ 21ہزار روپے جاری کیا گیا، جبکہ کے سی اے کی جانب سے کاٹن ایئر 2026-27 کا پہلا اسپاٹ ریٹ آج (8جون) کو جاری کیاجائیگا۔

جبکہ اس کے علاوہ پنجاب میں کپاس کی کاشت توقعات سے کم ہونے اورروئی اور پھٹی کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے تیزی رہی۔ 

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ ایف آئی اے کی جانب سے کراچی کاٹن ایکس چینج کی عمارت کو بعض ملکیتی تنازعات کے باعث بارہ دسمبر2025 کو اپنی تحویل میں لیے جانے کے باعث اس دن سے کے سی اے کی جانب سے کاٹن اسپاٹ ریٹس کااجراء نہ ہونے سے نہ صرف پاکستانی کاٹن کی نمائندگی بین الاقوامی منڈیوں سے ختم ہوگئی تھی، بلکہ اس سے بنچ مارک ریٹ ختم ہونے سے بنکوں کو ٹیکسٹائل ملز اور جننگ فیکٹریوں کوروئی کے رہن کے عوض روزانہ کی بنیاد پر قرض جاری کرنے میں شدیدمشکلات کے سامنے کے ساتھ انشورنس کمپنیوں کو بھی روئی کو آگ لگنے کے حادثوں کے بعد انشورنس کلیمزکی ادائیگی میں بڑی رکاوٹوں کاسامنا تھااور مقامی ٹیکسٹائل انڈسٹری تذبذب کاشکار تھی۔

اس تناظر میں گزشتہ ہفتے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن اپٹماکی جانب سے گورنر اسٹیٹ بینک کو بھیجے گئے ہنگامی خط میں اپیل کی گئی تھی کہ کے سی اے کے اسپاٹ ریٹ کااجرا نہ ہونے سے تمام کمرشل بینکس تاحال آخری اسپاٹ ریٹ 15ہزار 500روپے فی من کی بنیاد پر ہی ٹیکسٹائل ملوں کورہن شدہ روئی کے عوض قرض جاری کررہے ہیں۔ 

جبکہ اوپن مارکیٹ میں اس کے برعکس روئی کے نرخ 22ہزار روپے فی من کے لگ بھگ ہیں، جس سے ٹیکسٹائل ملوں کو مالی مشکلات کاسامناہے، اس لیے بینکوں کو ہدایت کی جائے کہ وہ کے سی اے آخری ریٹ کی بجائے اوپن مارکیٹ ریٹ کو بنچ مارک ریٹ بنائیں ۔

متعلقہ

Load Next Story