کراچ، پشاور میں ایف آئی اے ٹیسٹ میں جعلی امیدوار بن کر آنے والے 4 افراد گرفتار

ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے

کراچی:

ایف آئی اے کی مختلف آسامیوں کے لیے جاری فزیکل اور اینڈورنس ٹیسٹ کے دوران نقالی کا بڑا معاملہ سامنے آیا ہے جہاں ایس ایس یو پولیس ہیڈکوارٹر ملیر میں تین افراد کو جعلی شناخت کے ساتھ ٹیسٹ دینے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی دستاویزاتی جانچ کے دوران مشتبہ افراد کی شناخت پر شک ہوا جس کے بعد مزید تصدیق پر انکشاف ہوا کہ یہ افراد اصل امیدواروں کی جگہ امتحان میں شریک ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر جعلسازی کے ذریعے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم بروقت کارروائی کے باعث ان کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

دوسری جانب پشاور میں پولیس کی بروقت کارروائی میں ایف آئی اے بھرتی کے جسمانی امتحان میں امیدوار کی جگہ دوسرے شخص کے شرکت کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

یونیورسٹی آف پشاور کے گراؤنڈ نمبر 2 میں ایف آئی اے / نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام بھرتیوں کے سلسلے میں جسمانی امتحان منعقد کیا جا رہا تھا۔

امتحان کے دوران پشاور پولیس کی جانب سے قائم ناکہ بندی اور سیکیورٹی چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص کو روک کر اس کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ابتدائی تصدیق کے دوران معلوم ہوا کہ امیدوار منصور احمد ولد گلستان، رول نمبر 2114000280، شناختی کارڈ نمبر 17102-6655198-5 کی جگہ ایک اور شخص محمد عادل ولد عبدالجلیل، شناختی کارڈ نمبر 17102-0402625-3 امتحان میں شرکت کی کوشش کر رہا تھا۔

مزید تصدیق پر یہ بات ثابت ہوگئی کہ مذکورہ شخص نے امیدوار کی جگہ امتحان میں شریک ہو کر دھوکہ دہی اور جعل سازی کی کوشش کی۔ ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

Load Next Story