انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں 2 کروڑ 91 لاکھ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

مختلف شہروں میں 7 کارروائیوں کے دوران 2 افغان باشندں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے گئے

فوٹو: میڈیا

ملک بھر میں انسداد اسمگلنگ کارروائیوں کے دوران 2 کروڑ 91 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 مختلف کارروائیوں کے دوران 2 افغان باشندوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق  کارروائیوں میں 2 کروڑ 91 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 137.85 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے ایک مسافر کے بیگ کی تلاشی کے دوران 1.150 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جس پر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایک اور کارروائی میں اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 81.6 کلوگرام چرس، 12 کلوگرام آئس اور 500 گرام ہیروئن برآمد کی گئی اور 2 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

اسی طرح راولپنڈی میں ایک پیٹرول پمپ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کے قبضے سے 13.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ اسی طرح کچلاک بائی پاس بالیلی کے قریب ایک گاڑی سے 12 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

اے این ایف نے اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 11.050 کلوگرام ہیروئن، 2 پسٹل، 5 میگزین اور 70 راؤنڈز برآمد کیے جبکہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ سکھر میں بھی بس ٹرمینل کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس بھی برآمد کی گئی۔

ترجمان کے مطابق علامہ اقبال ایئرپورٹ پر واقع ایک کوریئر آفس میں موجود 2 پارسلوں کی جانچ پڑتال کے دوران 345 گرام وزنی 600 ایکسٹیسی گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔

اے این ایف نے تمام کارروائیوں کے بعد انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

Load Next Story