غیر ملکی اسپانسرز والی کمپنیوں کے لیے لائسنسنگ کا عمل مزید آسان
لائسنسنگ درخواست کے لیے غیر ملکی ڈائریکٹرز کی پیشگی سکیورٹی کلیئرنس کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایس ای سی پی کبیر سدھو کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹرز کے حلف نامے کی بنیاد پر لائسنسنگ درخواستوں کی پراسیسنگ شروع کردی جائے گی۔ جبکہ غیر ملکی ڈائریکٹرز کی تقرری بدستور متعلقہ اداروں کی سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط رہے گی۔
سکیورٹی کلیئرنس مسترد ہونے کی صورت میں کمپنی کو نیا ڈائریکٹر نامزد کرنا ہوگا۔ نئے اقدام سے لائسنس کے اجراء میں تاخیر کم اور کاروباری سہولت میں اضافہ ہوگا۔ کیپیٹل مارکیٹس، نان بینکنگ فنانس، انشورنس اور دیگر مالیاتی شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
سکیورٹی کلیئرنس کا عمل وقت طلب ہونے کے باعث سرمایہ کاروں کے لیے ایک بڑی رکاوٹ تھا۔ یہ اقدام سرمایہ کاروں کے لیے سہولت اور مؤثر ریگولیٹری نگرانی کے درمیان توازن قائم کرتا ہے۔
کبیر سدھو نے کہا کہ ملکی قوانین اور سکیورٹی تقاضوں پر مکمل عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے گا۔