26 ویں ترمیم سے عدلیہ کی آزادی مکمل ختم ہوگئی، علیمہ خان
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ 26 ویں ترمیم سے عدلیہ کی آزادی مکمل ختم ہوگئی۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ نوجوان خوفزدہ ہوکر بیرون ممالک جارہے ہیں، عدلیہ آزاد نہ ہو تو سرمایہ کاری آئے گی نہ ترقی ہوگی۔
علیمہ خان نے کہا کہ ججز مجبور بنا دیے گئے ہیں، اُنہیں کہا جاتا ہے تو وہ سزا دے دیتے ہیں، حق بولنے پر ہمیں سزا دینی ہے تو سو بسم اللہ دیں ہم مجبور نہیں۔ اپنے آئینی حق، آزاد جمہوریت اور عدلیہ کی آزادی کے لئے بولتے رہیں گے، حق کیلئے 24 کروڑ عوام بول نہیں سکتے تو بتاؤ یہ ملک کس کیلئے ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ اُنہوں نے کھل کر بتا دیا کہ ہم تھوڑے لوگ ہیں، یہ ہماری کمپنی ہے اور تم سب ہمارے غلام ہو، آئین کہتا ہے حقوق کیلئے نکلو مگر جو نکلتا ہے اُسے مار دیا جاتا ہے، 26 نومر کو عوام اپنے حقوق کیلئے نکلے تھے، یہ دن تاریخ میں امر ہوگیا، اس دن بانی نے عدلیہ کی آزادی، جمہوریت، آئین کی بالا دستی اور ووٹ چوری کیخلاف کال دی تھی۔