ٹرمپ کا ایران اور اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ، حملے روکنے کی اپیل کردی

ٹرمپ کے بیان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کی ایک اہم سفارتی کوشش قرار دیا جا رہا ہے

فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل سے فوری طور پر ایک دوسرے پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی میں مزید اضافہ نہ کریں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری مختصر بیان میں کہا کہ ایران اور اسرائیل کو فوری طور پر فائرنگ اور حملے روک دینے چاہئیں۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے اور دونوں جانب سے جوابی کارروائیوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

امریکی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک مزید فوجی کارروائیوں سے گریز کریں اور تنازع کے حل کے لیے سفارتی راستہ اختیار کریں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی معیشت، تیل کی منڈیوں اور بین الاقوامی سلامتی پر بھی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ اسی وجہ سے عالمی برادری مسلسل دونوں ممالک سے تحمل اور مذاکرات کی اپیل کر رہی ہے۔

ٹرمپ کے بیان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کی ایک اہم سفارتی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، تاہم فی الحال ایران یا اسرائیل کی جانب سے اس اپیل پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Load Next Story