پاکستان نے آزاد جموں و کشمیر سے متعلق چند برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے بیانات کو مسترد کردیا

پاکستان خودمختار اور جمہوری ریاست ہے اور کسی کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر کاربند ہے، دفتر خارجہ

فوٹو: فائل

پاکستان نے آزاد جموں و کشمیر سے متعلق غیر ضروری بیانات مسترد کرتے ہوئے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے ریمارکس پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے برطانیہ میں مقیم بعض کشمیری نژاد افراد اور چند برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے بیانات کو غیر ذمہ دارانہ بے بنیاد قرار دے دیا۔

پاکستان نے بیانات حقائق سے لاعلمی پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا اور کہا کہ برطانیہ میں مقیم بعض افراد کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے بارے میں گمراہ کن اور غیر ذمہ دارانہ بیانات پر تشویش ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ ان افراد کو پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے اور اپنے ملک رہائش میں مثبت کردار ادا کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ بعض برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات اور سوالات بھی غیر ضروری ہیں جو مسئلے کے تاریخی پس منظر سے ناواقفیت اور حقائق سے چشم پوشی کی عکاسی کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جو لوگ اب بھی نوآبادیاتی ذہنیت کے اسیر ہیں انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان ایک خودمختار اور جمہوری ریاست ہے، پاکستان دیگر ممالک کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر کاربند ہے اور دوسروں سے بھی اسی طرز عمل کی توقع رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتیں شہریوں کے پرامن اجتماع، اظہارِ رائے کی آزادی اور جمہوری عمل میں شرکت کے آئینی حقوق کو مکمل طور پر تسلیم اور احترام کرتی ہیں۔ تاہم توڑ پھوڑ، عوامی خدمات بالخصوص اسپتالوں کو نقصان پہنچانے اور بے گناہ شہریوں و قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے قتل کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے برطانوی حکومت پر زور دیا کہ وہ کالعدم تنظیموں کی حمایت کرنے والے عناصر کو ایسے اقدامات سے باز رکھے اور انہیں آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان کے آئین میں درج جمہوری عمل، عدالتی فیصلوں اور قانون کی حکمرانی کا احترام کرنے کی ہدایت دے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان جمہوری اقدار، قانون کی بالادستی اور ریاستی خودمختاری کے اصولوں پر مکمل یقین رکھتا ہے اور کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت یا بے بنیاد الزامات کو قبول نہیں کرے گا۔

Load Next Story