چاند کے مشن پر جانیوالے خلانوردوں کیلئے پراڈا کے اسپیس سوٹس تیار
(تصویر: رائٹرز)
چاند پر جانے والے ناسا کے خلانورد اب پراڈا کے ڈیزائن کردہ اسپیس سوٹس پہنیں گے۔
اطالوی لگژری فیشن ہاؤس پراڈا نے اتوار کے روز اپنے جدید ترین اندرونی خلائی لباس کی رونمائی کی، جو آئندہ قمری مشنز میں استعمال ہوگا۔
یہ لباس خلائی انفراسٹرکچر کمپنی ایکسیم اسپیس کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ ایل سی وی جی نامی اس اندرونی سوٹ میں کپڑے کے اندر ہی جدید وینٹی لیشن سسٹمز بُنے گئے ہیں، جبکہ ایک خاص کولنگ سسٹم ٹھنڈا پانی باریک نالیوں کے ذریعے جسم کے اہم عضلاتی حصوں تک پہنچاتا ہے، تاکہ خلاباز سخت حالات میں بھی آرام دہ اور متوازن درجہ حرارت برقرار رکھ سکیں۔
پراڈا کے چیف مارکیٹنگ آفیسر لورینزو برٹیلیکا کہنا تھا کہ کمپنی اس نئی کامیابی کو پیش کرتے ہوئے فخر محسوس کر رہی ہے، جو ایکسیم اسپیس کی خلائی مہارت اور پراڈا کے ڈیزائن، پیٹرن سازی اور جدید مواد کے شعبوں میں مہارت کے منفرد امتزاج کا نتیجہ ہے۔ یہ پیش رفت انسانیت کی چاند کی سطح پر واپسی کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
دوسری جانب ایکسیم اسپیس کے سی ای او جونتھن کرٹین کا کہنا تھا کہ خلائی انجینئرنگ کی بہترین صلاحیتوں کو لگژری دستکاری اور جدید پروڈکٹ ڈیویلپمنٹ کے ساتھ جوڑ کر ایسا لباس تیار کیا گیا ہے جو دونوں کمپنیوں میں سے کوئی ایک اکیلے نہیں بنا سکتی تھی۔ یہی بین الشعبہ تعاون انسانی خلائی سفر کے اگلے دور کی پہچان بنے گا۔