ڈینش فٹبالر میچ کے دوران اچانک گِر پڑے، دل میں لگی ڈیوائس نے جان بچالی

کرسچین ایرکسن 2021 میں بھی دل کے دورے کے باعث میدان میں گر گئے تھے

ڈنمارک کے اسٹار فٹبالر کرسچین ایرکسن یوکرین کے خلاف دوستانہ میچ کے دوران اچانک گر پڑے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کے جسم میں نصب انٹرنل ڈیفبریلیٹر (آئی سی ڈی) نے ایک بار پھر ان کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

34 سالہ فٹبالر کرسچین ایرکسن نے گرنے سے چند لمحے قبل اپنے سینے پر ہاتھ رکھا، جس کے بعد وہ اچانک میدان میں زمین پر آ گرے۔ صورتحال کی سنگینی دیکھتے ہوئے ٹی وی کیمروں کا رخ فوراً دوسری جانب موڑ دیا گیا۔

میڈیکل ٹیم فوری طور پر ان کی مدد کے لیے میدان میں پہنچی، جبکہ خوف اور تشویش میں مبتلا کھلاڑیوں نے ان کے گرد حفاظتی حصار بنا لیا۔

سنگین صورتحال کے باعث میچ فوراً منسوخ کر دیا گیا۔ خوش آئند بات یہ رہی کہ ایرکسن ہوش میں تھے اور انہیں ایمبولینس کے ذریعے اوڈینس یونیورسٹی ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ان کی اہلیہ سبرینا بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔

ڈینش فٹبال ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا کہ کرسچین ایرکسن ہوش میں ہیں اور موجودہ حالات کے مطابق خود کو بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ میچ کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب جب طبی عملہ ان کی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف تھا نیچر انرجی پارک میں موجود شائقین اس واقعے سے شدید صدمے میں آ گئے اورانہوں نے فوری طور پر ایرکسن کے حق میں نعرے لگانا شروع کر دیے۔

واضح رہے فٹبالر 2021 میں بھی دل کے دورے کے باعث میدان میں گر گئے تھے۔ موقع پر ان کو سی پی آر دے کر ان کی جان بچائی گئی تھی اور بعد ازاں ان کے دل میں آئی سی ڈی لگا دیا گیا تھا۔

Load Next Story