برطانیہ سے آنے والے شہری کو کارسوار افراد نے لوٹ لیا
شہر قائد کے علاقے جوہر آباد فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں برطانیہ سے آنے والے شہری اور کزن کو لوٹ لیا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں قائم رضوان پارک کے قریب کار سوار ملزمان نے پیر کی صبح برطانیہ سے آنے والے شہری اور اس کے کزن کو لوٹ لیا جو کہ نارتھ ناظم آباد جا رہے تھے۔
جوہر آباد پولیس نے بیرون ملک سے آنے والے شہری علی شاہ کے کزن طلحہٰ کی مدعیت میں واردات کا مقدمہ درج کرلیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق بیرون ملک یو کے سے آنے والے اپنے کزن علی شاہ کے ہمراہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اپنے رہائش گاہ نارتھ ناظم آباد جانے کے لیے روانہ ہوا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق جیسے ہی ان کی گاڑی جوہر آباد فیڈرل بی ایریا بلاک 14 رضوان پارک کی قریب پہنچی تو سفید رنگ کی ہنڈا سوک کار نے سائیڈ دے کر گاڑی کو روکا اور ٹارچ دکھا کر ہمیں اپنے پاس بلایا ، جب ہم گاڑی کے قریب گئے تو اس میں 3 افراد سوار تھے جس میں سے ایک نے مبینہ طور پر قانون نافذ کرنے والے ادارے سے مشابہت والی وردی پہنی ہوئی تھی جبکہ دیگر 2 افراد سادہ لباس میں ملبوس تھے۔
انھوں نے کہا کہ گاڑی سوار افراد نے اپنا تعارف کروایا اور ہدایت کی کہ اپنا پاسپورٹ چیک کراوؤ، اس دوران انھوں نے مجھ سے میرا پرس لیا 20 ہزار روپے نقدی نکال کر پرس واپس کر دیا جبکہ یو کے سے آنے والے میرے کزن شاہ علی شاہ کے بیگ کی تلاشی کے دوران 30 ہزار روپے نقدی، 600 برطانوی پاؤنڈ اور 200 ترک کرنسی نکال کر بیگ گاڑی سے باہر پھینک کر موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے مقدمہ اندراج کے بعد جائے وقوعہ سمیت دیگر مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی تلاش شروع کر دی ہے تاکہ ان کی فوٹیجزی کی مدد سے تفتیش میں مدد مل سکے۔