روس سے آنے والا ڈرون نیٹو حدود میں داخل، فرانسیسی جنگی طیاروں نے فضا میں تباہ کر دیا
لٹویا کی فوج نے تصدیق کی ہے کہ نیٹو کے جنگی طیاروں نے ایک ڈرون کو مار گرایا جو روسی الیکٹرانک وارفیئر کے باعث لٹویا کی فضائی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیا جب فرانسیسی فضائیہ کے طیاروں نے نیٹو کی بالٹک ایئر پولیسنگ مشن کے تحت کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی ڈرون کو تباہ کیا۔ لٹوین فوج نے بتایا کہ ڈرون روسی الیکٹرانک مداخلت کے نتیجے میں فضائی حدود میں داخل ہوا تھا، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ڈرون اصل میں کس ملک سے آیا تھا۔
لٹویا کے وزیر خارجہ بائیبا براژے نے فرانسیسی اتحادیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت کارروائی نے ملک کی فضائی سلامتی کو یقینی بنایا۔ لٹویا کے وزیراعظم آندرس کولبرگز نے بھی نیٹو فورسز کی فوری اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہا۔
وزیر دفاع رایوس میلنِس کے مطابق ڈرون کو مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے کے قریب روسی سرحد سے تقریباً 30 کلومیٹر دور بیرزگالے نامی علاقے کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے یا املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی۔
فرانسیسی فوج کے بیان کے مطابق جنگی طیاروں نے لیتھوانیا کے شہر شیاؤلائی میں قائم نیٹو ایئر بیس سے پرواز کی اور ایک غیر آباد علاقے میں ڈرون کو تباہ کیا۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی یورپ کے مشرقی حصے کی سلامتی کے لیے فرانس کے عزم کا ثبوت ہے۔
رپورٹس کے مطابق یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ کے دوران ایسے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ حالیہ مہینوں میں رومانیہ، مالدووا اور دیگر نیٹو ممالک میں بھی ڈرونز کے داخل ہونے کے واقعات سامنے آئے ہیں جس کے باعث جنگ کے پڑوسی ممالک تک پھیلنے کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
یورپی حکام کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع اب خطے کے دیگر ممالک کی سلامتی کے لیے بھی چیلنج بنتا جا رہا ہے۔ نیٹو اتحاد مسلسل اپنی مشرقی سرحدوں کی نگرانی اور فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر توجہ دے رہا ہے۔