شہری کے نام پر 421 گاڑیاں، لاکھوں کے چالان  دیکھ کر پولیس حیران

کارروائی کے دوران مذکورہ شہری کی موٹر سائیکل کو تھانہ مسلم ٹاؤن میں بند کر دیا گیا

لاہور:

شہری کے نام پر 421 گاڑیوں کا انکشاف ہے، جس پر لاکھوں روپے کے چالان دیکھ کر پولیس اہلکار بھی حیران رہ گئے۔

ٹریفک پولیس کے جنرل ہولڈاپ کے دوران ایک حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے جس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کے بڑے ریکارڈ بے نقاب ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جنرل ہولڈاپ کے دوران ایک موٹر سائیکل سوار کو روک کر اس کی ملکیت کی جانچ پڑتال کی گئی تو انکشاف ہوا کہ باز محمد نامی شہری کے نام پر 421 گاڑیاں، رکشے اور موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں۔ اس انکشاف نے موقع پر موجود اہلکاروں کو بھی حیران کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق باز محمد کے نام پر 20 لاکھ 88 ہزار 800 روپے سے زائد کے ای چالان بھی واجب الادا ہیں۔ کارروائی کے دوران مذکورہ شہری کی موٹر سائیکل کو تھانہ مسلم ٹاؤن میں بند کر دیا گیا۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر ای چالان نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق لاکھوں روپے کے بقایا ای چالان ٹریفک پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گئے ہیں، جبکہ لاہور میں جعلی یا مشتبہ رجسٹریشنز کی جانچ کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا ہے۔

حکام نے کہا ہے کہ قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری ہے۔ ای چالان نادہندگان کو اب سخت کارروائی کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

Load Next Story