پب جی گیم کے ذریعےدوستی کے بعد شادی پر لڑکی کے والدین نے نوجوان کیخلاف اغوا کا مقدمہ درج کروا دیا
لاہور ہائیکورٹ میں پب جی گیم کے ذریعے دوستی کے بعد پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کے خلاف درج اغوا کے مقدمے میں بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس شہباز رضوی نے ملزم عثمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔
درخواست گزار کے وکیل عدنان کلیاڑ ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ پب جی گیم کے ذریعے دوستی کے بعد لڑکے نے پسند کی شادی کی، تاہم لڑکی کے والدین نے اس کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کروا دیا۔
وکیل کے مطابق لڑکی کے والدین نے زبردستی لڑکی سے درخواست گزار کے خلاف بیان دلوایا، جبکہ مقدمے میں شامل اغوا اور زیادتی کی دفعات جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار گزشتہ پانچ ماہ سے جیل میں ہے، لہٰذا اس کی ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کر دی۔