بھارت میں جہیز کا تنازع شدت اختیار کرگیا، دُلہن کا باپ دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک

شادی کی تقریبات معطل کر دی گئیں جبکہ مقامی پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں

بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں جہیز کے تنازع کے دوران دلہن کا والد دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اتراکھنڈ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شادی کی تقریب کے دوران مبینہ طور پر جہیز کے تنازع پر پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد دلہن کے والد کو دل کا دورہ پڑا، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہو گئی۔

بارات کی آمد کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان جہیز اور دیگر مطالبات پر تلخ کلامی ہوئی۔ صورتحال کشیدہ ہونے پر دلہن کے والد شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے اور اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

واقعے کے بعد شادی کی تقریبات معطل کر دی گئیں جبکہ مقامی پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اگر جہیز سے متعلق غیر قانونی مطالبات ثابت ہوئے تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ بھارت میں جہیز لینا اور دینا قانوناً ممنوع ہے، لیکن اس کے باوجود ملک کے مختلف حصوں میں جہیز سے متعلق تنازعات اور جرائم کے واقعات وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہتے ہیں۔

Load Next Story