سوات میں نجی اسکول کی بس حادثے کا شکار، ایک بچی جاں بحق، متعدد طلبہ و طالبات زخمی
سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقے سخرہ میں ایک نجی اسکول کی بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ متعدد طلبہ و طالبات زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں ایک بچی جان کی بازی ہار گئی، جبکہ زخمی ہونے والے بچوں کی تعداد کے حوالے سے مختلف اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ابتدائی طور پر 24 طلبہ و طالبات کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی، جبکہ بعد ازاں زخمیوں کی تعداد 40 بتائی گئی۔
ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی بچوں کو مٹہ اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔