راولپنڈی سے اغوا ہونے والی 15 سالہ ہندو لڑکی ہری پور سے بازیاب
راولپنڈی تھانہ مری پولیس نے بروقت اہم کارروائی کرتے ہوئے 15سالہ ہندو لڑکی کو 24 گھنٹوں میں ہری پور سے بحفاظت بازیاب کروالیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ مری کی حدود سے اغوا ہونے والی 15 سالہ ہندو لڑکی کو ہری پور سے بروقت کارروائی کروا کے بازیاب کروالیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری تنویر سپرا کے مطابق مغویہ ہندو مذہب سے تعلق رکھتی تھی اور اس کی بازیابی ایک بڑا چیلنج تھا، بازیابی کے لیے سینئر افسران کے زیر نگرانی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
تھانہ مری پولیس نے سی سی ٹی وی، جیو فینسنگ اور ہیومن انٹیلی جنس سمیت تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مغویہ کو بحفاظت بازیاب کروایا۔
ڈی پی او کے مطابق والدین کی بروقت اطلاع اور پولیس کی فوری کارروائی سے کامیابی حاصل ہوئی، بازیاب ہونے والی لڑکی کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ضلعی پولیس آفیسر کا کہنا ہے لڑکی کی بحفاظت بازیابی مری پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور موثر تفتیش کا ثبوت ہے، ہری پور پولیس کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مغویہ ہندو لڑکی کے والد چندر کمار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے، مقدمہ میں مزمل، انس اور طیب کے ملزمان نامزد کیا گیا ہے جن کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں