وزیراعظم  شہباز شریف سے گلوبل فنڈ کے وفد کی ملاقات

پاکستان گلوبل فنڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، شہباز شریف

وزیراعظم  شہباز شریف سے گلوبل فنڈ کے وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت گلوبل فنڈ کے گرانٹ مینجمنٹ ڈویژن کے مارک ایڈینگٹن (Mark Edington) کر رہے تھے جبکہ دیگر اراکین میں سینئر پورٹفولیو مینجر ازیسکن گویریا   (Ms Izaskun Gaviria) اور ڈپٹی جنرل قونصلر نتاشا ہیفنک (Ms Natasha Heffinck )شامل تھیں۔

وزیراعظم نے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گلوبل فنڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، 1ترقی پذیر دنیا میں صحت عامہ کو بہتر بنانے میں گلوبل فنڈ کے نمایاں کردار اور  تعاون کو سراہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہیلتھ کیئر کے نظام کی بہتری میں گلوبل فنڈ پاکستان کا انتہائی اہم شراکت دار ہے، حکومت،  ملک سے ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا کے پھیلاؤ کی خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور اس حوالے سے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ کی شراکت داری سے پاکستان سے  ایچ آئی وی، تپ دق اور ملیریا کے خاتمے  کے لیے ہماری کوششوں کو تقویت مل رہی ہے۔

وزیراعظم نے ایچ آئی وی وائرس کے روک تھام کے حوالے سے حکومت پاکستان اور گلوبل فنڈ کا جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے کی ہدایت کی، وزارت قومی صحت کے حکام نے وفد کو پاکستان میں ٹی بی، ایچ آئی وی  اور ملیریا کے روک تھام کی حوالےسے حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔

وفد نے پاکستان میں میزبانی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا، وفد نے تپ دق، ایچ آئی وی اور ملیریا کے خاتمے کے لئے حکومت پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی اور ان امراض کے خاتمے کے لئے پاکستان کے لئے اپنی شراکت داری کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

Load Next Story