چیئرمین پی ٹی آئی کا گلگت بلتستان میں 15 نشستیں جیتنے کا دعویٰ

ہمیں دو نشستیں دے کر ہماری 13 نشستیں کسی اور کو دیں گے تو ہم اس کو نہیں مانتے، بیرسٹر گوہر علی خان

فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کو گلگت بلتستان میں 15 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے اور واضح کیا ہماری 13 نشستیں کسی اور دی گئیں تو ہم نہیں مانیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران گلگت بلتستان میں انتخابات کے حوالے سے کہا کہ ووٹ جمہوریت کی بنیادی اکائی ہے، گلگت بلتستان میں ہمارے 22 امیدوار میدان میں تھے، پوری جمع تفریق کے بعد ہم 15 نشستوں پر جیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دو نشستیں دے کر ہماری 13 نشستیں کسی اور کو دیں گے تو ہم اس کو نہیں مانتے، عوام نے جس کو مینڈیٹ دیا ہے حق حکمرانی اسی کے پاس ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف ہمارا بیانیہ واضح ہے، جنہوں نے وفاق میں ہمارا میندیٹ چوری کیا گلگت میں ان کے ساتھ کیوں حکومت بنائیں گے، پی ٹی آئی پاور شیئرنگ پر یقین نہیں رکھتی۔

بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا کہ گلگت میں اب تک موصول ہونے والے 17 نشستوں کے نتائج میں ہم 8 نشستوں پر جیت چکے ہیں اور مجموعی 24 نشستوں پر ہماری برتری واضح ہے تاہم جمع و تفریق کے بعد ہمیں 15 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔

بجٹ سیشن میں شریک ہوں نہ ہوں عوام کو ریلیف ملنا چاہیے، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنا ہے بجٹ اجلاس 12 جون کو ہوگا، جس کے لیے سمری بھیج دی گئی ہے تاہم ہماری پارلیمانی کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ بجٹ کو کیسے ڈیل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ آئینی اور قانونی معاملہ ہے، ہم بجٹ اجلاس میں شریک ہوں یا نہ ہوں یہ وقت عوام کو ریلیف دینے کا ہے، لوگ یوٹیلیٹی بلز اور پیٹرول کے پیسے ادا نہیں کر پارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی پچھلی مرتبہ بھی بانی سے ملاقات نہیں کرائی گئی، سہیل آفریدی بجٹ پر کوئی نہ کوئی فیصلہ کریں گے، ہماری کوشش ہے بجٹ سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوجائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سہیل آفریدی اکتوبر میں وزیراعلیٰ بنے لیکن آج تک ایک ملاقات نہیں کرائی گئی، ہماری ملاقاتیں 34 ہفتوں سے بند ہیں، کیا تاریخ میں کسی قیدی کو 34 ہفتے ملاقاتوں سے محروم رکھا گیا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتیں بحال ہونی چاہئیں، ملاقاتوں پر پابندیوں نے نفرت کو جنم دیا ہے، ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہوں گی لیکن یہ کہا جائے آپ غدار ہیں تو یہ ناقابل برداشت ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 6 ماہ سے ہمیں نہیں معلوم بانی کن حالات میں ہیں، بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم، ایک مقبول لیڈر ہیں، آئین اور قانون کے مطابق ملاقات ان کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بات واضح کررہا ہوں پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں۔

آزاد کشمیر میں مظاہرین پر گولی چلانا غلط ہے، چیئرمین پی ٹی آئی

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کشمیر پر ہمارا واضح مؤقف ہے، مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے، پرامن مظاہرین پر گولی چلانا غلط ہے، پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے اسمبلی میں اپنا مؤقف دیا ہے 12 مہاجرین نشستوں کا مسئلہ آئینی معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے مؤقف کی تائید کرتے ہیں، لوگ فوج کا نام استعمال نہ کریں اور فوج کے بل بوتے پر سیاست نہ کریں، ہم نے افواج کی قربانیوں اور کردار کو ہمیشہ سراہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پرامن احتجاج کے حامی ہیں، عوام کا حق ہے اپنے حقوق کے لیے احتجاج کریں، ہم تشدد اور قانون کو اپنے ہاتھوں میں لینے کے خلاف ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اڈیالہ جیل میں کسی خاص شخصیت کی ملاقات جھوٹی خبر ہے، سہیل آفریدی نے پارلیمنٹ کے باہر دھرنے کی کال صوبائی حقوق کے لیے دی ہے، ہم وزیراعلیٰ کی کال کی حمایت کرتے ہیں، خیبرپختونخواہ کو این ایف سی کے مطابق اس کا حصہ ملنا چاہیے۔

Load Next Story