’’شاہ رخ بعد میں مل جاتے، مائیکل جیکسن سے ملنے کا موقع نہیں چھوڑ سکتی تھی‘‘، فرح خان کا دلچسپ اعتراف

شاہ رخ خان کی پرفارمنس چھوڑ کر عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار مائیکل سے ملاقات کو ترجیح دی تھی، فرح خان

بالی ووڈ کی معروف کوریوگرافر، ہدایت کار اور پروڈیوسر فرح خان نے اپنی زندگی کا ایک یادگار واقعہ شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایک بار اپنے قریبی دوست اور سپر اسٹار شاہ رخ خان کی پرفارمنس چھوڑ کر عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار مائیکل سے ملاقات کو ترجیح دی تھی۔

ایک حالیہ گفتگو میں فرح خان نے ماضی کی دلچسپ یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک بڑے ایونٹ میں شاہ رخ خان، ایشوریا رائے اور دیگر فنکاروں کی پرفارمنس کی کوریوگرافی کی ذمے داری نبھا رہی تھیں۔ اسی دوران تقریب کے اسپانسر نے انہیں اطلاع دی کہ ممکنہ طور پر مائیکل جیکسن تقریب میں بطور خصوصی مہمان شریک ہونے والے ہیں۔

فرح خان کے مطابق وہ اسٹیج کے قریب موجود تھیں اور شاہ رخ خان کی پرفارمنس شروع ہونے ہی والی تھی کہ انہیں بتایا گیا مائیکل جیکسن پہنچ چکے ہیں۔ یہ خبر سنتے ہی وہ فوراً ان سے ملنے کے لیے روانہ ہو گئیں۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ جب وہ وہاں سے جا رہی تھیں تو اسپانسر نے پوچھا کہ آپ کی پرفارمنس کا کیا ہوگا؟ جس پر انہوں نے جواب دیا، ’’شاہ رخ خان تو بعد میں بھی مل جائیں گے، لیکن مائیکل جیکسن سے ملنے کا موقع بار بار نہیں آتا۔‘‘

انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں مائیکل جیکسن کے کمرے میں لے جایا گیا جہاں روشنی بہت مدھم رکھی گئی تھی کیونکہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار تیز روشنی پسند نہیں کرتے تھے۔ فرح خان کا کہنا تھا کہ مائیکل جیکسن نہایت نرم مزاج اور خوش اخلاق شخصیت کے مالک تھے۔

ان کے بقول ملاقات کے دوران مائیکل جیکسن نے ان سے نام پوچھا۔ جب انہوں نے اپنا نام بتایا تو گلوکار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بہت طاقتور نام ہے۔‘‘ فرح خان نے بتایا کہ اس ملاقات کے دوران انہوں نے اپنے پسندیدہ فنکار کے ساتھ تصویر بھی بنوائی، جو آج بھی ان کی زندگی کی سب سے قیمتی یادوں میں شمار ہوتی ہے۔

فرح خان کا کہنا تھا کہ مائیکل جیکسن سے ملاقات کا وہ لمحہ ان کے لیے ناقابلِ فراموش ہے اور وہ آج بھی اسے اپنے کیریئر کے یادگار ترین تجربات میں شامل کرتی ہیں۔

Load Next Story