کراچی سے خاتون سمیت 5 منشیات فروش گرفتار
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے دو کارروائیاں کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار اور منشیات برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق قائد آباد پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کی 17 کلو چرس برآمد کرلی جبکہ اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے گزری میں چھاپہ مار کر آن لائن منشیات فروخت کرنے والے خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر کے آئس برآمد کرلی۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ملیر پولیس کے مطابق قائد آباد پولیس نے بسم اللہ کالونی میں ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کر کے 25 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 17 کلو چرس برآمد کرلی۔
گرفتار ملزمان کی شناخت جل حبیب ، ناصر حبیب اور شیراز کے نام سے کی گئی۔ ترجمان کے مطابق برآمد کی جانے والی منشیات گرفتار ملزمان نے گھر کے اندر چھپا کر رکھی تھی جو کہ شہر کے مختلف پوش علاقوں میں فروخت کی جانی تھی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان مختلف علاقوں میں منشیات فروشی کا خفیہ نیٹ ورک چلا رہے تھے ، قائد آباد پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔
دوسری جانب اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) سی آئی اے پولیس نے آن لائن منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق ایس آئی یو پولیس گزری تھانے کی حدود میں کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران محمد احسان ولد عبدالرشید اور حنا ناز زوجہ شکیل احمد کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 62 گرام آئس برآمد کرلی۔
ترجمان کے مطابق ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے کہ وہ بدنام زمانہ عباس بلوچ گینگ کے کارندے ہیں اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے منشیات کی فروخت و ترسیل میں ملوث ہیں جبکہ ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں منیشات کی ڈیلیوری بھی کرتے ہیں۔
ایس آئی یو پولیس نے خاتون سمیت 2 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور اس حوالے سے ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر کارندوں کے حوالے سے تفیتش کا عمل جاری ہے ۔