اسلام آباد: نوجوان لڑکی کو بٹھاکر خطرناک ون ویلنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
راولپنڈی/اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں موٹر سائیکل پر خطرناک ون ویلنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں ایک موٹر سائیکل سوار کو لڑکی کو موٹر سائیکل کے فرنٹ موٹر گارڈ پر بٹھا کر خطرناک انداز میں ون ویلنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ لڑکی بھی اگلے پہیے کے موٹر گارڈ پر بیٹھی دونوں ہاتھوں سے ہینڈل تھامے نظر آتی ہے، جبکہ ون ویلنگ کے دوران ایک ہاتھ سے اشارے بھی کرتی دکھائی دیتی ہے۔
ویڈیو میں موٹر سائیکل سوار کو لڑکی کے ساتھ ایک ٹائر پر کافی دور تک موٹر سائیکل چلاتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ دیگر موٹر سائیکل سوار بھی اس منظر کا مشاہدہ کرتے نظر آتے ہیں۔ مصروف شاہراہ پر ون ویلنگ کے دوران گاڑیاں اور دیگر ٹریفک بھی گزر رہی تھی، جس سے حادثے کے خدشات مزید بڑھ گئے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے باوجود وفاقی پولیس تاحال موٹر سائیکل سوار اور لڑکی کو گرفتار نہیں کر سکی۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل کا نمبر ٹریس کر لیا گیا ہے اور سوار کی شناخت بھی ہو چکی ہے، تاہم وہ اس وقت شہر میں موجود نہیں۔
ایس ایچ او لوئی بھیر کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد تحویل میں لے کر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔