مظفرآباد کے قریب پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، تمام اہلکار شہید
مظفرآباد کے قریب پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں سوار تمام اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک آرمی ایوی ایشن کا ایک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر آج مظفرآباد کے قریب پرواز بھرنے کے دوران فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو کر گر کر تباہ ہوگیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوگئے، جبکہ حادثے میں کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچ سکا، حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی و بحالی کے کام کا آغاز کر دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ حادثے کی وجوہات اور فنی خرابی کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف سمیت پاک فوج کے تمام افسران اور جوانوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پوری قوم اس غم کی گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہارِ افسوس کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مظفرآباد کے قریب پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے حادثے میں شہید ہونے والے تمام اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔