خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف بڑا اقدام، سی ٹی ڈی کیلئے اربوں روپے کے فنڈز جاری
فوٹو: فائل
حکومت نے خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں دہشت گردوں کے پے درپے حملے، چیک پوسٹوں اور تھانوں کو تباہ کرنے، پولیس پر آئے روز حملے کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو اربوں روپے کے فنڈز جاری کر دیے۔
سی ٹی ڈی کو فنڈز کے اجرا کے حوالے سے بتایا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے، بدامنی کے سدباب اور امن و امان کے مستقل قیام کے لیے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی خصوصی توجہ، انتھک کوشش اور ذاتی دلچسپی کے نتیجے میں صوبائی حکومت نے محکمہ انسداد دہشت گردی خیبر پختونخوا کی تنظیم نو، بحالی اور صوبائی اسٹرکچر کو ہر سطح پر مستحکم اور فعال بنانے کے لیے اربوں روپے کے خطیر فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ سی ٹی ڈی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے رواں سال متعدد اہم منصوبوں کا آغاز کیا گیا جن میں سی ٹی ڈی کو لاجسٹک اور آپریشنل لحاظ سے مضبوط بنانے کے لیے 7 ارب 77 کروڑ سے زائد کی بھاری رقم منظور کی گئی، جس میں سے اب تک 7 ارب 5 کروڑ فراہم کیے جا چکے ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گای کہ ان فنڈز سے محکمہ انسداد دہشت گردی کے لیے جدید ترین حفاظتی آلات اور گاڑیاں خریدی گئی ہیں جن میں سنگل اور ڈبل کیبن گاڑیاں، بشمول بلٹ پروف گاڑیاں، بکتر بند گاڑیاں (اے پی سیز) اور موٹر سائیکلز شامل ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ جدید اسلحہ اور ایمونیشن کی مد میں جدید اسنائپر رائفلز، رائفلز، ایس ایم جیز، پستول اور بھاری مقدار میں ایمونیشن، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی لوکیٹرز، جیمرز، جدید ترین ڈرونز اور اینٹی ڈرون گنز اور حفاظتی و دیگر ساز و سامان میں بلٹ پروف جیکٹس، بلٹ پروف ہیلمٹس، وائرلیس آلات، تھرمل آلات اور اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم کے لیے ضروری اور جدید ترین سامان خریدا گیا ہے۔
بیان کے مطابق تمام اضلاع تک سی ٹی ڈی کا دائرہ کار بڑھانے اور اسے نچلی سطح پر مستحکم کرنے کے لیے 6 ارب 44 کروڑروپے مختص کیے گئے ہیں، اس منصوبے کے تحت متعلقہ اضلاع میں سرکاری زمینوں کا انتخاب مکمل کر لیا گیا ہے اور منصوبے کے لیے کنسلٹنٹ کا انتخاب ہو چکا ہے اور جلد ہی کنٹریکٹر کا انتخاب کر کے تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا اور پشاور میں سی ٹی ڈی کے مرکزی ہیڈ کوارٹرز کی توسیع اور اس کی استعداد کار میں اضافے کے لیے 31 کروڑ 4 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں اور اس اہم منصوبے کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے جبکہ کنسلٹنٹ اور کنٹریکٹر کا انتخاب اگلے ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گا۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق ضلعی دفاتر اور صوبائی ہیڈ کوارٹرز کی توسیع کے ان منصوبوں کو تیز تر بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے، آئندہ مالی سال میں بقیہ فنڈز کی فراہمی کے ساتھ ہی ان تمام منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائی جائے گی تاکہ صوبے سے دہشت گردی اور بدامنی کا خاتمہ یقینی ہو۔