مادہ گوریلا سے لڑائی کے بعد خیالوں میں کھویا گوریلا سوشل میڈیا پر وائرل

کیوماسا کی یہ مختصر سی ویڈیو اب دنیا بھر میں لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں

جاپان کے ایک چڑیا گھر میں رہنے والا 13 سالہ گوریلا ’’کیوماسا‘‘ ان دنوں سوشل میڈیا پر غیرمعمولی توجہ حاصل کر رہا ہے، لیکن وجہ اس کی طاقت یا شرارت نہیں بلکہ اس کا ایسا انداز ہے جسے دیکھ کر ہزاروں صارفین اپنی زندگی کے قصوں سے جوڑنے لگے ہیں۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں کیوماسا کو اپنی ٹولی سے الگ تھلگ ایک کونے میں خاموش بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ دور خلا میں نظریں جمائے اس انداز میں بیٹھا ہے جیسے کسی گہری سوچ میں گم ہو۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس منظر سے کچھ دیر پہلے ایک مادہ گوریلا کے ساتھ اس کی مختصر جھڑپ ہوئی تھی اور اسے دوڑتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔

اگرچہ اصل جھگڑے کی ویڈیو زیادہ توجہ حاصل نہ کرسکی، لیکن اس کے بعد کا منظر انٹرنیٹ پر چھا گیا۔ ویڈیو دیکھنے والے صارفین نے گوریلے کے تاثرات کو انسانی جذبات سے جوڑتے ہوئے مزاحیہ تبصرے شروع کر دیے۔ کئی لوگوں نے کہا کہ کیوماسا بالکل ایسے بیٹھا ہے جیسے کوئی شخص کسی بحث یا ناراضی کے بعد اپنی زندگی کے فیصلوں پر نظرثانی کر رہا ہو۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے مذاقاً لکھا کہ شاید گوریلا اپنی کسی غلطی پر غور کر رہا ہے، جبکہ کچھ نے کہا کہ اس کی کیفیت ہر اس شخص جیسی ہے جو کسی جھگڑے کے بعد خاموشی سے بیٹھ کر سوچتا رہتا ہے کہ آخر غلطی کہاں ہوئی۔ ویڈیو پر آنے والے تبصروں نے اسے مزید مقبول بنا دیا۔

ماہرین کے مطابق گوریلوں کی سماجی زندگی کافی پیچیدہ ہوتی ہے اور وہ اپنے گروہ کے اندر مختلف قسم کے تعلقات، تنازعات اور مفاہمت کے مراحل سے گزرتے ہیں۔ چڑیا گھروں میں رہنے والے گوریلوں کے رویوں کا مشاہدہ کرنے سے ان کی سماجی ساخت اور باہمی تعلقات کے بارے میں دلچسپ معلومات سامنے آتی رہتی ہیں۔

Load Next Story