ایران کے اُردن میں امریکی اڈے پر 12 میزائل حملے
ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن میں الازرق ایئر بیس کو 12 بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا جہاں امریکی F-35، F-16 اور F-15 لڑاکا طیارے تعینات تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاسداران انقلاب نے کہا کہ یہ حملے ایران پر امریکی حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں جن میں تفریحی مرکز، ایک صنعتی کمپلیکس، اور کاراج، نظر آباد اور پشوا کے ارد گرد فوجی تنصیبات کے ساتھ ساتھ ایک مقامی ایرانی ہوائی اڈہ بھی شامل ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی افواج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ آپریشن نے اُردن میں موجود امریکی اڈے کی تنصیبات اور بڑی تعداد میں لڑاکا طیاروں کو تباہ کر دیا۔
الازرق ایئربیس اردن کے صوبے زرقا میں واقع ہے، جو دارالحکومت عمان سے تقریباً 100 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
یہ اڈہ اردنی فضائیہ کے 1st, 2nd, اور 6th فائٹر اسکواڈرن کی میزبانی کرتا ہے اور اسے امریکا اور نیٹو اتحادیوں نے شامی تنازعے کے دوران اسلامک اسٹیٹ گروپ کے خلاف حملوں سمیت آپریشنز کے لیے استعمال کیا ہے۔