آزاد کشمیر حکومت نے احتجاجی مقدمات سے متعلق سابقہ رعایتیں واپس لے لیں
آزاد کشمیر حکومت نے احتجاجی مقدمات سے متعلق دی گئی سابقہ رعایتیں واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے اس اہم فیصلے کے تحت 177 ایف آئی آرز دوبارہ بحال کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
حکومتی مؤقف کے مطابق 4 اکتوبر 2025 کے معاہدے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ تمام معاملات عملدرآمد کمیٹی کے ذریعے حل کیے جائیں گے اور فریقین طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر آ کر احتجاج کرنا، دباؤ ڈالنا اور انتشار کی فضا پیدا کرنا معاہدے کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
حکام کے مطابق حالیہ اقدامات معاہدے کی روح کے منافی ہیں، جس کے باعث پہلے ختم کیے گئے مقدمات کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد جن مقدمات کو پہلے واپس لیا گیا تھا یا ختم کیا گیا تھا، انہیں معاہدے کی شرائط کے مطابق ہی دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت 177 ایف آئی آرز دوبارہ نافذ العمل ہوں گی۔