پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
فوٹو: فائل
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے اور ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز بھی الرٹ ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورت حال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے اور ہدایت کی کہ 1122 اور واسا سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں اور نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی جلد از جلد ممکن بنائیں اور چوکنگ پوائنٹس پر جمع پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائی۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 13جون تک جاری رہنے کی پیش گوئی ہے، شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں، کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دی اور شہری مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔