کراچی، پولیس مقابلے میں گینگ وار کارندہ زخمی حالت میں گرفتار، دستی بم اور اسلحہ برآمد
فوٹو: فائل
شہر قائد میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی ملزم مدثر عرف ساوا عرف خوف کو گرفتار کر کے سول اسپتال منتقل کر دیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے دستی بم، اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار اور فرار ملزمان کا تعلق مبینہ طور پر کاشف سندھی گروپ سے ہے جو پرانا گولیمار اور ملحقہ علاقوں میں گینگ وار سرگرمیوں اور منشیات فروشی میں ملوث رہا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار زخمی ملزم اغوا، قتل، ڈکیتی، موٹر سائیکل اسنیچنگ اور دیگر سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری اور نیٹ ورک کے دیگر ارکان تک پہنچنے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔