کراچی، قانون نافذ کرنے والے ادارے کا عمارت پر چھاپہ، ایک درجن سے زائد افراد گرفتار

اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حازم بھنگوار بھی موقع پر پہنچے


منور خان June 12, 2026

کراچی:

قانون نافذ کرنے والے ادارے نے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع ایک عمارت کی دوسری منزل پر قائم دفتر میں کارروائی کرتے ہوئے ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا، جبکہ دفتر سے مختلف اشیاء بھی تحویل میں لے لی گئیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی کے وقت دفتر میں ایک سیاسی جماعت کے قائد کا ٹیلیفونک خطاب سنا جا رہا تھا۔

چھاپے کے دوران اہلکاروں نے تنظیمی لٹریچر، جھنڈے، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔

واقعے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حازم بھنگوار بھی موقع پر پہنچے اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دفتر کو سیل کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد کو مزید پوچھ گچھ کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ برآمد ہونے والے سامان اور دفتر کی سرگرمیوں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کے مطابق کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔