راولپنڈی، 10 سالہ گھریلو ملازم بچے پر ڈنڈے سے تشدد، ویڈیو وائرل ہونے پر ملزم گرفتار

بچے کو طبی معائنے کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا جائے گا، پولیس


ویب ڈیسک July 22, 2026

راولپنڈی:

سی بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن میں 10 سالہ گھریلو ملازم بچے پر مبینہ تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ متاثرہ بچے کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

پولیس کے مطابق کمسن گھریلو ملازم پر ڈنڈے سے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملزم کی شناخت عادل ساجد کے نام سے ہوئی جس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم باغ سرداراں میں واقع ایک پینٹ شاپ پر ملازمت کرتا ہے جبکہ متاثرہ بچہ گزشتہ تین ماہ سے اس کے گھر ملازم تھا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے بچے کو بحفاظت بازیاب کرانے اور تشدد میں ملوث شخص کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

سی پی او کی ہدایت پر صادق آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 10 سالہ بچے کو بازیاب کر لیا اور ملزم کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ بچے کا نام علی ہے اور اس کا تعلق ضلع اوکاڑہ سے ہے۔ وہ گزشتہ تین ماہ سے 10 ہزار روپے ماہانہ اجرت پر ملزم کے گھر کام کر رہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ صادق آباد میں درج کیا جا رہا ہے جبکہ بچے کو طبی معائنے کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا جائے گا تاکہ اسے ضروری تحفظ اور دیکھ بھال فراہم کی جا سکے۔

سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ بچوں اور خواتین پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور معصوم بچے پر ظلم کرنے والے ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔