مری ایکسپریس وے؛ وین میں جھلس کر 10 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں مفرور ڈرائیور گرفتار
مری ایکسپریس وے پر وین میں جھلس کر 10 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں مفرور ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مری ایکسپریس وے پر پیش آنے والے المناک حادثے، جس میں آتشزدگی کے باعث 10 مسافر جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے تھے، کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پولیس نے حادثے کے بعد فرار ہونے والے وین ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈرائیور کو تھانہ مری منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں اس سے مزید تفتیش کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا اور اس کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری تھیں۔
ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ ڈرائیور کی مبینہ غفلت، لاپروائی اور تیز رفتاری کو قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہی عوامل کے باعث مسافر وین حادثے کا شکار ہوئی۔
یاد رہے کہ مری ایکسپریس وے پر ملتان سے مری جانے والی ایک سیاح فیملی کی وین کو حادثہ پیش آیا تھا، جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ موٹر وے پولیس کے مطابق واقعے کی مدعیت میں وین ڈرائیور کے خلاف غفلت و لاپروائی سے گاڑی چلانے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ نامعلوم ڈرائیور کی مبینہ غفلت کے باعث وین نالے میں جا گری اور دیوار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی۔
حادثے کے دوران گاڑی کے دروازے دیوار کے ساتھ پھنس جانے کے باعث مسافر بروقت باہر نہ نکل سکے۔
اس افسوسناک واقعے میں 5 بچوں سمیت 10 افراد جھلس کر جاں بحق ہوئے تھے جبکہ 16 مسافر زخمی ہوئے جن میں 7 بچے بھی شامل تھے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ مری میں درج ہے۔