ایران جنگ کا بڑا اثر، دنیا میں پیٹرول سب سے مہنگا کہاں ہوا؟ پاکستان بھی فہرست میں شامل

جنگی صورتحال اور آبنائے ہرمز کی بندش کے اثرات دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نمایاں طور پر سامنے آئے ہیں

ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی، خطے میں جنگی صورتحال اور آبنائے ہرمز کی بندش کے اثرات دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نمایاں طور پر سامنے آئے ہیں۔

عالمی سطح پر توانائی کی منڈیوں میں بے یقینی کے باعث تقریباً 150 ممالک میں پیٹرول اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ایران جنگ کے آغاز اور آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد پیٹرول کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ کمبوڈیا میں دیکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق کمبوڈیا میں فروری کے دوران پیٹرول کی قیمت 1.11 ڈالر فی لیٹر تھی، جو مارچ میں بڑھ کر 1.32 ڈالر فی لیٹر تک پہنچ گئی۔ اس طرح صرف ایک ماہ کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 67.81 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے پاکستان چھٹے نمبر پر رہا۔ پاکستان میں فروری کے دوران پیٹرول کی قیمت 0.92 ڈالر فی لیٹر تھی، جو مارچ میں 24.49 فیصد اضافے کے بعد 1.15 ڈالر فی لیٹر تک پہنچ گئی۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کا ایک انتہائی اہم راستہ ہے، جہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی یا رکاوٹ عالمی توانائی منڈیوں کو فوری طور پر متاثر کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایران سے متعلق حالیہ بحران نے دنیا بھر میں ایندھن کی قیمتوں پر دباؤ بڑھا دیا۔

اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل متاثر ہوتی رہی تو آنے والے مہینوں میں عالمی سطح پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔

Load Next Story