وفاقی وزرا نے بلاول بھٹو کو منالیا، بجٹ اجلاس میں شرکت
فوٹو: اسکرین گریب
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کیا تاہم کچھ دیر بعد وفاقی وزرا انہیں مناکر ایوان میں لے آئے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت ہوا، جس میں راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، شیری رحمان اور شازیہ مری پارلیمانی پارٹی اجلاس میں میں شریک ہوئے، فاروق ایچ نائیک ،اعجاز جاکھرانی بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس میں بلاول بھٹو نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا اور پارلیمنٹ سے واپس روانہ ہوئے جبکہ پی پی کے دیگر اراکین اجلاس میں شریک ہوئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جی بی کا الیکشن چھیننے نہیں دیں گے، بجٹ میں عوامی ریلیف سمیت دیگر معاملات پر نیوز کانفرنس کر کے ساری باتوں کا جواب دونگا۔
بعد ازاں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار وفد کی صورت میں بلاول بھٹو کو منانے کیلیے پہنچے اور پھر کچھ دیر بعد وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اجلاس میں شرکت کیلیے پہنچ گئے۔
وفاقی وزرا بلاول کو اجلاس میں شرکت کیلیے منانے میں کامیاب ہوئے جس کے بعد بلاول بھٹو وزیر داخلہ کے ہمراہ ایوان آئے جہاں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اُن کا استقبال کیا۔
اس سے قبل ندیم افضل چن نے کہا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قومی مفادات کے حق میں ہے، ن لیگ کے مفادات کے حق میں نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صرف بلاول بھٹو زرداری احتجاجاً بجٹ اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔
ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بجٹ اجلاس کے پراسیس میں شریک ہوگی اور قومی مفاد کے تحت بجٹ عمل کا حصہ بنے گی۔ پی پی میڈیا سیل کے مطابق قومی مفاد کے تحت پی پی بجٹ پراسس کا حصہ ہوگی.