راولپنڈی: موٹروے ایم-1 پر خوفناک ٹریفک حادثہ، مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر جاں بحق
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی میں مکینیکل خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک کنارے جا گری
راولپنڈی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر تاج محمد آفریدی موٹروے ایم-1 پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔
موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ کرنل شیر خان انٹرچینج کے قریب پیش آیا۔ سابق سینیٹر تاج محمد آفریدی اسلام آباد سے پشاور جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آ گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی میں مکینیکل خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک کنارے جا گری۔ حادثے میں سابق سینیٹر تاج محمد آفریدی جاں بحق جبکہ ڈرائیور معمولی زخمی ہو گیا۔
موٹروے پولیس حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی عمل میں لائی گئی۔