سوات ایکسپریس وے پر ٹریفک حادثے میں موٹر وے پولیس اہلکار اور بچی جاں بحق، 4 زخمی
سوات ایکسپریس وے پر ٹریفک حادثے میں موٹر وے پولیس اہلکار اور بچی جاں بحق، 4 افراد زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق سوات ایکسپریس وے پر کاٹلنگ کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، سب انسپکٹر نظام الدین اور سب انسپکٹر اکبر علی معمول کی اسپیڈ انفورسمنٹ ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر مار دی جس سے موٹر وے پولیس کی گاڑی سڑک کنارے بنے برساتی نالے میں جاگری۔
حادثے میں سب انسپکٹر نظام الدین شدید زخمی ہونے کے باعث دم توڑ گئے جبکہ سب انسپکٹر اکبر علی اور فائن کولیکشن اہلکار شدید زخمی ہوئے۔
اسی طرح حادثے میں موٹر وے پولیس کی گاڑی سے ٹکرانے والی کار میں سوار ایک بچی بھی جاں بحق ہوئی اور بچی کی والدین بھی زخمی ہوئے۔
تمام زخمیوں کو فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا جہاں انکا علاج جاری ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ کار ڈرائیور کی مبینہ غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش أیا۔